سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ کا آزاد کشمیر کے 78ویں یومِ تاسیس پر شہدا کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آزاد کشمیر کے 78ویں یومِ تاسیس پر شہدا کو خراجِ عقیدت اور کشمیری عوام کی طویل، عزم و استقلال سے بھرپور جدوجہد آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یومِ تاسیس اس عہد کی تجدید ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عالمی ضمیر کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کشمیری عوام کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، وہ دن دور نہیں جب جموں وکشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،یومِ تاسیس ہمیں آزادی، جدوجہد اور قربانی کے تسلسل کی یاد دلاتا ہے۔