سینٹ کااجلاس

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ڈیرہ اسماعیل خان دھماکے کی مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس دہشتگردانہ حملے میں معصوم شہریوں سمیت سیکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر و جمیل عطا کرے۔چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں۔خطے کے امن کی بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژنہیں کرسکتے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے اس دہشت گرد حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔