لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)قومی احتساب بیورو(نیب)نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویزالہی کے خلاف20سال پرانی بینکوں سے نادہندگی کی انکوائری بند کردی ۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب لاہور نے انکوائری بند کرنے کی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ چوہدری برادران کیخلاف شواہد نہ ملنے پر انکوائری بند کی گئی ہے۔
رپورٹ میں درج ہے کہ چوہدری برادران پر جو قرضہ حاصل کرنے کےلئے الزام ہے وہ ان پر لاگو نہیں ہوتا۔چوہدری برادران کیخلاف 12اپریل 2000میں انوسٹی گیشن شروع کی گئی تھی۔ چوہدری برادران کیخلاف 3انوسٹی گیشن کی منظوری 14فروری 2019کو دی گئیں۔ چوہدری شجاعت کیخلاف دوران وفاقی وزیر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
وکیل چوہدری برادران ایڈوکیٹ امجد پرویز نے عدالت میں موقف اپنایا کہ 20سال سے نیب یہ ثابت نہیں کر سکا کہ چوہدری برادران نے کسی بینک سے قرض حاصل کیا۔ یہ بھی ثابت نہیں کیا جا سکا ہے چوہدری برادران نے کسی بینک کا قرض دینا ہے۔ایڈوکیٹ امجد پرویز نے استدعاکی کہ 20سال بعد نیب اس نتیجہ پر پہنچی کہ انکوائری کو بند کردیا جائے۔ عدالت نے نیب کی رپورٹ جمع کرانے پر درخواست نمٹا دی ہے۔