فوزیہ 50

پیپلزپارٹی کے 18 سالہ حکمرانی میں سندھ کے شہر کھنڈر بن گئے، فوزیہ صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فوزیہ صدیقی نے کراچی میں بڑھتی ہوئی گیس لوڈشیڈنگ، گیس کے بھاری بلوں، پانی اور بجلی کے بحران پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب حکومت کی بدترین نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، جو پورے ملک کی معیشت کا مرکز ہے، جہاں سے ملک کا تقریبا 65 فیصد اور صوبائی حکومت کا 90 فیصد ریونیو اکٹھا ہوتا ہے، اسی شہر کو بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو پہلے پانی سے محروم کیا گیا، آج بھی لوگ بوند بوند کو ترس رہے ہیں، اس کے بعد بدترین بجلی لوڈشیڈنگ مسلط کی گئی جو تاحال جاری ہے، اور اب گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ کراچی کا انفرااسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ معمولی بارش بھی شہر کو تالاب میں تبدیل کر دیتی ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور سیوریج کا نظام ناکارہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 18 سالوں سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، لیکن کراچی سے لے کر لاڑکانہ تک تمام چھوٹے بڑے شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مہنگائی، ٹیکسز اور بنیادی سہولیات کی بندش کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کراچی نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے عوام کو فوری طور پر گیس، پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، اور شہریوں کو اس بدترین صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں