اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے صحت عامہ کی ذمیداری سے کبھی بھی چشم پوشی نہیں کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے صحت کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو عالمی معیار کے علاج معالجے کی سہولیات کی مفت فراہمی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحتِ عامہ کے نظام و ڈھانچے کی توسیع بھی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ریاست کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بھی شہری کے پاس پیسے کا نہ ہونا اس کے علاج معالجے میں رکاوٹ نہ بنے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی کے حوالے سے اعداد و شمار تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ملک کی 40 فیصد سے زائد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، ایسی صورتحال میں صحت عامہ کو مکمل طور پرائیوٹ سیکٹر کے رحم و کرم پر چھوڑا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کوئی ایک بھی بڑا اسپتال نہیں بنایا گیا، پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے صحت عامہ کی ذمیداری سے کبھی بھی چشم پوشی نہیں کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 90 کی دہائی میں لیڈی ہیلتھ والنٹیرس کی بنیاد رکھ کر شعبہِ صحت عامہ میں انقلابی قدم اٹھایا، لیڈی ہیلتھ والنٹیرس آج ہمارے نظام صحت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ سندھ میں پی پی پی حکومت محدود وسائل کے باوجود علاج معالجے کی بھتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، سندھ حکومت نے تاحال صوبے بھر میں 500 سے زائد چھوٹے بڑے صحت مراکز اور اسپتال بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ادارہ برائے امراض قلب (سابقہ این آئی سی وی دی)، جے پی ایم سی، گمبٹ انسٹیٹیوٹ، ڈا میڈیکل یونیورسٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے، جناح اسپتال میں سرطان کے مریضوں کے لئے قائم کردہ سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری بھی حکومتِ سندھ کا اہم اقدام ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ان تمام اداروں میں مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے، سندھ حکومت کی طبی سہولیات سے دیگر صوبوں کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ صحت سب کے لئے حکومت سندھ کی پالیسی ہے، اسی پالیسی کے تحت سندھ میں ہر پاکستانی کے لیئے عالمی معیار کے علاج کی مفت سہولت کے دروازے کھولے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ انہوں نے اس عزم کو اعادہ کیا کہ آئندہ عام انتخابات جیتنے کے بعد آنے والی پی پی پی حکومت دیگر صوبوں میں بھی ایسے ادارے بنائے گی، ملک کے باقی تین صوبے صحت کے شعبے میں سندھ سے بہت پیچھے ہیں ۔اس موقع پر پی پی پی چیئرمین نے پولیو مہم اور کورونا وبا کے دوران جان کی قربانیاں دینے والے فرنٹ لائین ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹرز کو سلام پیش کیا ہے۔