نثار احمد کھوڑو 17

پیپلزپارٹی سندھ کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی،نثار کھوڑو

پنگریو (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ہمیں وزارتوں کی کوئی ضرورت نہیں، پیپلزپارٹی سندھ کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ نواز شریف مشکل وقت میں عوام کو چھوڑ کر بیرون ملک چلے گئے، جبکہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہر دور میں جیلیں اور سختیاں برداشت کیں مگر اصولوں پر کوئی سودے بازی نہیں کی۔

وہ ٹنڈوباگو کے قریب سابق صوبائی وزیر سید علی بخش شاہ عرف پپو شاہ اور رکن سندھ اسمبلی سیدہ یاسمین شاہ کی جانب سے منعقدہ ایک بڑی عوامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو، صوبائی مشیر شام سندر، پیپلزپارٹی ضلع بدین کے صدر و چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل علی اصغر ہالیپوٹو، سابق رکن سندھ اسمبلی پیر امجد علی شاہ صدیقی، ارکان سندھ اسمبلی میر اللہ بخش ٹالپور، دادا نظامانی، تنزیلہ قمبرانی، سیڈا سندھ کے چیئرمین رئیس قبول محمد کھٹیا، ضلع بدین کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات، پارٹی رہنماں، خواتین ونگ کی کارکنان، صحافیوں اور شہریوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

نثار احمد کھوڑو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلزپارٹی غریب، محنت کش اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے اور عوامی خدمت کا سفر آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی بارہا سازشیں کی گئیں لیکن شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کے باعث یہ جماعت آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ اٹھارہ برس کی حکومت پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں لیکن ان ادوار کا احتساب نہیں کیا جاتا جب پیپلزپارٹی اقتدار میں نہیں تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی کی رضامندی کے بغیر کوئی اہم آئینی ترمیم منظور نہیں ہو سکتی اور پارٹی سندھ کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے لاکھوں مستحق خواتین کی مالی معاونت کی گئی جبکہ صوبے بھر میں غریب خاندانوں کے لیے لاکھوں پکے مکانات تعمیر کیے گئے جو ایک تاریخی فلاحی اقدام ہے۔ تقریب کے میزبان سید علی بخش شاہ المعروف پپو شاہ نے نثار احمد کھوڑو کو سندھ کی ثقافت کی علامت بوسکی کا پٹکا پہنایا جبکہ رکن سندھ اسمبلی سیدہ یاسمین شاہ نے معزز مہمانوں، پارٹی رہنماں اور کارکنوں کو اجرک اور سندھی لونگی کے تحائف پیش کیے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو، ایم پی اے میر اللہ بخش ٹالپور، ایم پی اے تنزیلہ قمبرانی، پیپلزپارٹی ضلع بدین کے صدر جام علی اصغر ہالیپوٹو، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سجاد علی چانڈیو اور پیپلزپارٹی تعلقہ ٹنڈوباگو کے صدر و چیئرمین ٹان کمیٹی پنگریو میر محمد بخش ٹالپور نے بھی خطاب کیا۔

پیپلزپارٹی ضلع بدین کے صدر جام علی اصغر ہالیپوٹو نے کہا کہ ضلع بھر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ یونین کونسل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ تقریب سے سیدہ یاسمین شاہ نے تمام مہمانوں، کارکنوں، خواتین ونگ، صحافیوں اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ محروم طبقات کی آواز رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں