وزیر اعظم

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں، وزیر اعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں۔ امید ہے الیکشن کمیشن ان کی فنڈنگ کی اسکروٹنی بھی ایسے ہی کرےگا۔

بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی پی ٹی آئی کی ڈونیشن کی اسکروٹنی کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ جتنے ہمارے اکاونٹس کی اسکروٹنی ہوگی حقیقت عوام کے سامنے آئے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام دیکھیں گے کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو سیاسی فنڈ ریزنگ سے چل رہی ہے۔بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں۔قوم حقیقی سیاسی فنڈریزنگ،مفادات اوربھتہ خوری میں فرق دیکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ توقع ہے الیکشن کمیشن پی پی اور ن لیگ کی فنڈنگ کی اسکروٹنی ایسے ہی کرے گا۔ یہ رپورٹ سیاسی فنڈ ریزنگ اور سرمایہ دارنہ کے مفادات کے تحفظ کو بے نقاب کرے گی۔عوام دیکھیں گے کیسے سرمایہ داروں کے ذاتی مفادات کا تحفظ کیا جاتا ہے۔