کراچی (رپورٹنگ آن لائن) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق کراچی میں ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ڈرگ روڈ میں نو تزئین شدہ اعظم فٹ بال گرانڈ کا افتتاح کردیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ کھیلوں کے میدان، اوپن اسپیس اور پارکوں کو آباد کررہے ہیں۔ مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلوں اور تفریحات کی سہولتیں ختم ہوگئی تھیں لیکن کراچی کے نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں سہولتیں اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی نے مختلف کھیلوں سے متعلق عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق کراچی میں ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں۔