سعید غنی

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر وہ اقدامات کئے ہیں جو کسی اور سیاسی جماعت نے نہیں کئے،سعیدغنی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر وہ اقدامات کئے ہیں جو کسی اور سیاسی جماعت نے کبھی نہیں کئے۔

شہید بینظیر بھٹو نے صحافیوں کی رہائش کے منصوبوں کے لئے کراچی پریس کلب کے صحافیوں کو اپنے دور حکومت میں بھی پلاٹس دئیے اور آج تک پیپلز پارٹی جب بھی حکومت میں آئی اس نے کراچی پریس کلب کے ممبران کو پلاٹس فراہم کئے ہیں۔ جلد ہی باقی مانندہ 700 صحافیوں کو پلاٹس فراہم کردئیے جائیں گے۔ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں صحافیوں کی کالونیوں میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کراچی پریس کلب کے صدر فاصل جمیلی اور سیکرٹری سہیل افضل خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ کراچی پریس کلب کے صدر و سیکرٹری نے صوبائی وزیر سے سندھ اسمبلی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر فاضل جمیلی نے صوبائی وزیر کو ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے میں صحافیوں کے پلاٹس کی موٹیشن، 80 اور 20 فیصد فارمولے کے تحت ایم ڈی اے کے پلاٹس کی ادائیگی اور وہاں ترقیاتی کاموں اور باقی مانندہ کراچی پریس کلب کے 700 نئے ممبران کے لئے پلاٹس سمیت دیگر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے آزادی صحافت، صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے رہائشی اور مالی مسائل کے حل سمیت ہر مسائل پر ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ میں بھی کراچی پریس کلب سمیت دیگر ڈسٹرکٹ کے پریس کلبوں، صحافیوں کی تنظیموں اور صحافیوں کے لئے خصوصی گرانٹ کے لئے بجٹ مختص کیا گیا ہے.

جبکہ ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے میں ترقیاتی کاموں اور اس کی ادائیگی کے مطالبہ کو بھی انشااللہ پورا کیا جائے گا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔