اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے ناموسِ رسالت کے معاملے پر قومی اسمبلی میں مکمل بحث کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی سفیر کی بے دخلی کے معاملے پر حکومت کی جانب سے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اقدام بظاہر کمزور نظر آتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل فرحت اللہ خان بابر نے کہا کہ پی پی پی خصوصی کمیٹی بنانے کے کسی خیال کی حمایت نہیں کرتی اور سمجھتی ہے کہ اس معاملے پر پورے ایوان کو کمیٹی بنا کر قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنماوں نے اس معاملے پر غور و فکر کے بعد اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ(ن)اور جے یو آئی(ف)کے موقف کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ اس پر خصوصی کمیٹی بنانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حساس نوعیت کے معاملے پر ہر رکن کو بات کرنے کی اجازت ہونی چاہیئے۔