عطا تارڑ

پیپلز پارٹی دراصل تحریک انصاف کی بی ٹیم ہے‘عطا تارڑ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 206 خانیوال کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کی بی ٹیم ہے۔

اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ خانیوال نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحبان نے ترقیاتی منصوبے دئیے یہ اس کا نتیجہ ہے، اس برتری سے واضح ہوتا ہے کہ جنرل الیکشن میں کیا ٹرینڈ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج لوگ مہنگائی کے خلاف نکلے، پیسے کی بندر بانٹ سے ووٹ خریدنے والی جماعت کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کا پنجاب میں بوریا بسترا گول ہو گیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آصف ذرداری نے اپنی پارٹی کو ڈوبا دیا ہے، پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کی بی ٹیم ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو پی ٹی آئی حکومت میں ہے حکومتی مشینری سے ووٹ لیا ورنہ پانچویں نمبر پر آتے ، آنے والے الیکشن میں ن لیگ اکثریت لے کر وفاق میں آئے گی۔