اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے آج تک قائداعظم کی سوچ اور ویزن پر عمل پیرا ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ آئین کی پاسداری کے عہد سے تجدید اور وطن کے لیئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج کا دن ہمیں اپنے ان بزرگوں کی بھی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے قراردادِ پاکستان کی شکل میں ایک منزل متعین کی تھی۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے اس عظیم منزل کو حاصل کرنے کے لیئے جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے آج تک قائداعظم کی سوچ اور ویڑن پر عمل پیرا ہے۔
انہوںنے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح آئین پسندی اور قانون کی عملداری کے عالمی آئیکن ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا اور دفاع کے لیئے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی۔ انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیئے طویل جدوجہد کی، آئین کو اصل شکل میں بحال کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملکی دفاع کے لیئے میزائیل ٹیکنالاجی کا تحفہ بھی دیا۔
انہوںنے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ اور پاک ـ چین تجارتی راہداری جیسے بیشمار اقدام اٹھائے۔ انہوںنے کہاکہ ایک بار پھر ملک کو خطرناک موڑ پر لا کھڑا کردیا گیا ہے،قوم کے سامنے آئین کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ماضی کی طرح عوام کو اِس بار بھی تحمل، تدبر اور جہد مسلسل کے ذریعے یہ لڑائی جیتنی ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ مضبوط ریاست، مستحکم جمہوریت، نموپذیر معیشت اور مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام صرف 1973ع کے آئین پر عملدرآمد میں پنہاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی آخری وقت تک لڑے گی، آئین و جمہوریت کا تحفظ اور ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پہلے ملک کو بچایا، اب ملک کو تمام مشکلات اور بحرانوں سے باہر نکالے گی۔
انہوںنے کہاکہ مجھے آج بھی اپنے کشمیری بھائی یاد آرہے ہیں، جو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں، میں مقبوضہ کشمیر کی غیور عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے ملک کی دفاع کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے مسلح افواج اور سول اداروں کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔







