اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سبسڈی میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سبسڈی میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر سبسڈی 47 روپے 2 پیسے سے کم کرکے 17 روپے 2 پیسے کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کے جانب سے پہلے فی لیٹر ڈیزل پر 86 روپے 71 پیسے سبسڈی دی جارہی تھی جس کو کم کرکے 56 روپے 71 پیسے کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مٹی کے تیل پر سبسڈی 51 روپے 83 پیسے فی لیٹر تھی جس کو کم کرکے 21 روپے 83 پیسے کردیا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل پر 67 روپے 84 پیسے فی لیٹر سبسڈی کو کم کرکے 37 روپے 84 پیسے فی لیٹر کیا گیا ہے۔









