لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پیرا فورس کے اہلکاروں کی جانب سے عوام کو ناجائز طور پر پریشان کرنے، لوٹ مار اور رشوت خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیرا فورس عوام کی خدمت کے لیے بنائی گئی تھی، مگر بدقسمتی سے وہ روایتی پولیس کی طرح عوام کے لیے مصیبت بنتی جا رہی ہے،شہریوں سے زبردستی پیسے لینا، ناجائز تجاوزات کے نام پر بلاوجہ جرما نے اور رشوت طلب کرنا ناقابلِ برداشت عمل ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا کہ پیرا فورس کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور شفاف نظامِ احتساب قائم کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ اگراس بگاڑ کو نہ روکا تو عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مزید کمزور ہو جائے گا۔بد قسمتی سے حکومتی اقدامات سے عوام کو درپیش مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے چلے جا رہے ہیں ۔ حکومت اگر واقعی سنجیدہ ہے تو محکمے سے کالی بھیڑوں کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہر قسم کی زیادتی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ عوام کے ٹیکسوں پر پلنے والے اداروں کو عوام پر ظلم ڈھانے کا کوئی حق نہیں۔
حکومت پنجاب کو چاہیے کہ رشوت خوری کے خلاف بنائی گئی نئی عدالتوں کو فوری طور پر فعال کرے اور کرپٹ اہلکاروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے۔ محمد جاوید قصوری کا مزید کہنا تھا کہ 78برسوں سے جاری نظم کے اس فرسودہ نظام کو بدلے بغیر بہتری ممکن نہیں ، مافیا ز نے سب کچھ اپنے قبضے میں لے رکھا ہے ،حالات کنٹرول سے باہر ہو چکے ہیں ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ عوام نظم کے اس نظام کو بدلنے کے لئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ساتھ دیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے جماعت اسلامی کے 21تا23نومبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے اجتماع عام میں بھرپور شرکت کریں اور اس بات کا اعلان کریں کہ اب چہرے نہیں نظام بدلیں گے ۔