اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کْنڈی نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ نے اپنا پیر پر خود کْلہاڑی ماری ۔ اپنے بیان میں فیصل کریم کْنڈی نے کہاکہ مولانا کے پیپلزپارٹی مخالف بیان سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں اور نہ ہی حکومت کو کوئی نقصان پہنچے گا۔
انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کی پارٹی سندھ میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے ، اپوزیشن کا اپوزیشن کیخلاف بیان بازی کرنا حکومت کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے ،پیپلزپارٹی کے بغیر پی ڈی ایم کا بیانیہ عوامی پزیرائی سے محروم ہوتا نظر آ رہا ہے ،پیپلزپارٹی کی عوام اور جمہوریت کے لیے جدوجہد تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کا پی ڈی ایم کے جلسوں میں داخلہ ممنوع ہونا مریم نواز کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوںنے کہاکہ خواتین کو نمائندگی سے محروم رکھ کر مولانا فضل الرحمن نے اپنی ساکھ کو خود نقصان پہنچایا ہے ،خواتین معاشرے کا بڑا اور اہم ترین حصہ ہیں جنھیں سیاسی عمل سے دور رکھنا ہرگز قابلِ قبول نہیں۔