لاہور ہائی کورٹ 16

پی ٹی اے غیر قانونی سمز کی روک تھام کیلئے رولز بنائے’لاہور ہائیکورٹ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی موبائل سمز کی روک تھام کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو قواعد و ضوابط بنانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ ملک کو دہشتگردی کا سامنا رہا ہے اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ایسا نہ ہو کہ غیر قانونی سمز دہشتگردی میں استعمال ہو جائیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ غیر قانونی سمز فروخت کرنے کے مقدمے میں ملزم محمد عثمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔عدالتی حکم پر ڈی جی پی ٹی اے، ڈائریکٹر لیگل پی ٹی اے سمیت دیگر افسران پیش ہوئے ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا، ملزم گرفتاری کے بعد سے جیل میں ہے اور ضمانت اس کا قانونی حق ہے لہٰذابعد از گرفتاری ضمانت منظور کی جائے۔

سماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دئیے کہ ملک کو دہشتگردی کا سامنا رہا ہے اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ایسا نہ ہو کہ غیر قانونی سمز دہشتگردی میں استعمال ہو جائیں، عدالت میں غیر قانونی سمز کی روک تھام سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں۔عدالت نے پی ٹی اے کو غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات اور رولز بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں