خواجہ آصف 30

پی ٹی آئی کے بھگوڑے باہر بیٹھ کر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بھگوڑے بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر اپنے بیان میں عمران خان کی جماعت کے بیرونِ ملک رہنے والے رہنماؤں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے بھگوڑے پہلے پاکستان کو لوٹ کر گئے اور اب بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسہ بٹور کر پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگر اُن میں جرات ہے تو پاکستان آئیں اور یہ سیاسی جنگ یہاں لڑیں۔ انہوںننے کہاکہ یورپ میں پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سہولت کے خلاف لابنگ کر کے یہ عناصر ملک دشمنی اور غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سیاسی آزمائشیں بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے بھی دیکھیں مگر کبھی وطن کے مفادات کو نشانہ نہیں بنایا، سیاسی لڑائیاں پاکستان کی سرزمین پر لڑیں اور اس کی قیمت بھی ادا کی لیکن ریاست اور قوم کو نقصان پہنچانے کا سوچا تک نہیں۔خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مخالف کردار ادا کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور ان کی ٹیم نے پہلے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی اور اب پاکستان کی برآمدات کو نقصان پہنچانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر لابنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ سب کچھ بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے لیکن اپنے آپ کو پاکستانی کہنے والے جب ملک دشمنی کریں تو وہ ”ننگِ وطن اور غدار” ہی کہلائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں