کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سندھ سے صفایا ہوچکا ہے، پتا نہیں یہ کیا کھا کر یا نشہ کر کے آتے ہیں جو کہتے ہیں کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی،ایم کیو ایم پاکستان چاہتی ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوں،
پیر کے روزکراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو یقین ہے اگر دو چار ماہ میں بلدیاتی الیکشن ہوئے تو ان کا حشر بھی پاکستان تحریک انصاف جیسا ہوگا،انہوں نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی کا سندھ سے صفایا ہوچکا ہے، پتا نہیں یہ کیا کھا کر یا نشہ کر کے آتے ہیں جو کہتے ہیں کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی،
پی ٹی آئی کے ارسطو جنہیں وزارت سے برطرف کردیا گیا تھا، وہ ارسطو فرماتے ہیں سندھ کا بلدیاتی قانون پاکستان کے لیے خطرہ ہے،سعید غنی نے کہا کہ ابھی نئے سال کا آغاز ہوا ہی تھا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، ماہر معیشت کہتے رہے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ ملک دشمنی ہے۔









