پرویز رشید

پی ٹی آئی چن کر ایسا وزیر اعلیٰ لائی جو پاکستان پر حملہ آور ہوتا ہے’ پرویز رشید

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر پختوانخواہ میں ایسا وزیر اعلیٰ چن کر لائی جو پاکستان پر حملہ آور ہوتا ہے، ایسے شخص کو وزیر اعلیٰ بننے سے روکنا ہمارا فرض ہے.

دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سیاسی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے، صوبائی حکومت اگر دہشتگردوں کی سہولت کار ہو تو یہ مقدس فریضہ سرانجام نہیں دیا جا سکتا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی کارکردگی پر اٹھتے سوالوں کا جواب دے کر فرض ادا کیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق پرویز رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی ایسا وزیر اعلی چن کر لائی جو پاکستان پر حملہ آور ہوتا ہے، ایسے شخص کو وزیر اعلی بننے سے روکنا ہمارا فرض ہے.

اس شخص کو وزیراعلی بننے سے روکنے کے لیے سیاسی، جمہوری اور آئینی اختیارات کا استعمال کیا جائے، اس جیسے کسی شخص کو خیبر پختونخوا ہ میں حکومت میں نہ آنے دیں جو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کا ساتھ دے۔ شہدا ء کی فیملیز کو کیا جواب دیں گے؟ تمام جمہوری جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس فتنے کا مقابلہ کرنا چاہیے۔علاوہ ازیں ایک انٹر ویو میں پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اپنی کارکردگی پر اٹھتے سوالوں کا جواب دے کر فرض ادا کیا ہے ،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی تنا ئونہیں ،صرف کارکردگی کی بنیاد پر مکالمہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے منصوبوں کی تشہیر عوامی آگاہی کے لیے ضروری ہوتی ہے تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ ان کے فائدے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔اگر حکومت عوام کی سہولت کے لیے کوئی منصوبہ بناتی ہے اور اس کی اطلاع عوام تک نہیں پہنچتی تو وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مریم نواز نے بطور وزیراعلی پنجاب ایک نئی پالیسی متعارف کروائی کہ مریضوں کو دوائیاں گھروں تک پہنچائی جائیں گی جبکہ اس سے پہلے مریض ہسپتالوں میں لائنوں میں لگ کر دوائیاں حاصل کرتے تھے اب اگر اس پالیسی کی تشہیر نہ ہو تو عوام کو کیسے معلوم ہوگا کہ انہیں یہ سہولت فراہم کردی گئی ہے؟۔

تشہیر صرف حکومت کی کارکردگی دکھانے کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ اگر پالیسی پر عملدرآمد میں کوئی کمی یا خامی رہ جائے تو عوام اپنی شکایت حکومت تک پہنچا سکتے ہیں جس سے بہتری کا عمل ممکن ہوتا ہے۔

پرویز رشید نے مریم نواز اور پیپلز پارٹی رہنمائوں کے درمیان حالیہ بیان بازی سے سیاسی کشیدگی بڑھنے سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ کوئی تنا ئونہیں بلکہ ایک صحتمند مقابلہ ہے اور ہر جماعت کو اپنی کارکردگی بیان کرنے اور سوالات کے جواب دینے کا حق ہے،یہی جمہوریت کا حسن ہے لہٰذااس سے پریشان نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کو حوصلہ افزائی دینی چاہیے۔پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف ہماری جماعت کے رہنما اور رہبر ہیں اور ہم ان کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں اور دل سے قبول بھی کرتے ہیں۔