اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے اپنے عزائم سے بے نقاب ہوچکے ہیں۔
اپنے آبائی حلقے میں گرین ٹریکٹر سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے کئی مشکل فیصلے کیے، ہمیں ملکی معیشت کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جتنی تیزی سے خود کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،آج پاکستان میں اتحاد اوریکجہتی کی ضرورت ہے، حکومت اورفیلڈمارشل سید عاصم منیر مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، 10مئی کو بھارت کو تاریخی عبرتناک شکست ہوئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی طاقت کا لوہا منوایا، آج بھی پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ریاست،فوج کے خلاف زہر گھول رہا ہے، ہندوستان کو آج رسوائی کا سامنا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنے عزائم سے بے نقاب ہوچکے ہیں، اللہ کے بعد فوج ہی ملکی مضبوطی کی ضمانت ہے، افواج پاکستان کے جوانوں نے ہی دہشتگردوں کو سرحد پر روکا ہوا ہے۔