پشاور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کئی بار فورس بنائی ، واضح کرے کہ یہ کیوں بنائی گئی؟ بانی کے بیٹے نے پاکستان کے خلاف باتیں کی ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی پارٹی کے اندر اختلافات ہیں ان کو خود سمجھ نہیں، جس ریاست نے ان کو نام دیا اوراب اس کو یہ قاتل ریاست کہہ رہے ہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ ریاست کو گالیاں نکالی برا بھلا کہا، اس بار اسلام آباد کی طرف چڑھائی کی تو ان کو پتہ لگ جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ لوگ صوابی سے آگے جا کر دکھائیں ان کو پتہ لگ جائے گا، دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، ہر جگہ انٹرنیشنل میڈیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے، فیلڈ مارشل کی محنت ہے کہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سپر پاور کی نظر پاکستان پر ہے ، خیبر پختونخوا کے وزیراعلی ایزی لوڈ پر آجاتے ہیں، صوبائی کابینہ میں لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں، وزیراعلی کی تبدیلی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا معاملہ ہے، بلدیاتی نمائندوں کو ان لوگوں نے 4 سال سڑکوں پر روندھا۔
گورنر نے بتایا کہ بلدیاتی نمائندوں کو کوئی فنڈ نہیں دیا گیا، ناظمین کی تنخواہیں بھی حکومت کھا گئی، ماضی میں وزیراعلیٰ کے بھائیوں کے بہت چرچے تھے، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں جمعرات کو گھروں کو چلے جاتے ہیں، کفایت شعاری کے حوالے سے پٹرول کی بچت کر رہے ہیں۔









