لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پی سی بی کی 69ویں پوڈکاسٹ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے 2026 میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف پر گفتگو کی۔وہاب ریاض نے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے سکلز اور فٹنس کیمپ کے حوالے سے بھی اپنے تجربات شیئر کیے، جس میں 35 خواتین کرکٹرز نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی فنی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنا تھا۔پوڈکاسٹ کے دوران انہوں نے 10 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان ویمنز ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کی تیاریوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس دورے کے لیے منتخب سکواڈز میں ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ مستقبل کے لیے ایک مضبوط ٹیم تیار کی جا سکے۔وہاب ریاض نے کوچنگ سٹاف کے کردار کو بھی سراہا، جس میں سابق ٹیسٹ سپنر عبدالرحمان، سابق ٹیسٹ بلے باز عمران فرحت کے ساتھ عمید آصف اور عبدالمجید شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ سٹاف نے کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔انہوں نے پاکستان ویمنز کرکٹرز کی بے پناہ صلاحیت اور ٹیلنٹ کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اگر انہیں درست رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔









