اشرف بھٹی 147

پہلے ایف بی آر خوف و ہراس پھیلاتا تھا اب وزیر خزانہ نے بھی یہ ذمہ داری سنبھال لی ‘ اشرف بھٹی

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پہلے ایف بی آر خوف و ہراس پھیلاتا تھا اب وفاقی وزیر خزانہ نے بھی یہ ذمہ داری سنبھال لی ہے ، حکومت چارسالوں سے اعلانات کر رہی ہے کہ ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہے لیکن ابھی تک ٹیکس دہندگان کا دائرہ وسیع نہیں ہوسکا ،مقامی سرمایہ کاروں کے محتاط ہونے کی وجہ سے سرمائے کی قلت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بیروزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے ، حکومت تاجروں کو شک کی نگاہ سے دیکھنے کی پالیسی ترک کرے تاکہ خوف و ہراس کی فضاء کا خاتمہ ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفترمیں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر محبوب سرکی، میاں طارق فیروز، نعیم بادشاہ، میاں سلیم، حافظ عطا الرحمن، ملک ناظم، چوہدری نویداور دیگر مارکیٹوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور انہیں اعتماد میں لئے بغیر اعلان کردہ پالیسیاں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں ۔ملک بھر میں موجود لاکھوں کی تعداد میں تاجر نہ صرف ٹیکسز کی صورت میں سالانہ اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کراتے ہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بھی ہیںلیکن اس کے باوجود انہیں شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔وزیر خزانہ کا حالیہ بیان تشویش کا باعث ہے ،دوستانہ فضاء کے فروغ کے بغیر کاروبار ترقی نہیں کر سکتا ، مقامی سطح پر ہزاروں لوگ مختلف کاروبار میں سرمایہ کاری کرتے ہیں لیکن موجودہ حالات میں وہ بھی محتاط ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے سرمائے کی قلت کا سامنا ہے اور اس کی وجہ سے بیروزگاری کی شرح بھی بڑھ رہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں