لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 8 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی خوش آئند اقدام ہے، جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف شروع کی گئی عوامی جدوجہد کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، الحمدللہ، عوامی احتجاج نے حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور کیا ہے، تاہم یہ محض آغاز ہے، ہمارا اصل مطالبہ پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہے،جب تک حکومت عوام پر مسلط کردہ اس ظالمانہ بوجھ کو ختم نہیں کرتی، جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان شاء اللہ بہت جلد قوم کو خوشخبری ملے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن قوم کی امیدوں کا محور بن چکے ہیں۔ جماعت اسلامی کا احتجاج محض سیاسی مخالفت یا اقتدار کے حصول کی کوشش نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حل کی جدوجہد ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عام آدمی کو مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسوں سے نجات ملے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک میں اس وقت جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔
دیگر سیاسی جماعتیں اپنے اقتدار، عہدوں اور اسمبلیوں کی رکنیت سے لطف اندوز ہونے میں مصروف ہیں، جبکہ جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کے حقوق کی ترجمانی کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دلانا اور حکمرانوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہے۔ عوامی مسائل کے حل تک ہماری جدوجہد کسی صورت نہیں رکے گی۔انہوں نے ملک میں کسانوں کو درپیش سنگین مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی عدم توجہی اور بے حسی نے زرعی شعبے کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ بالخصوص گنے کے کاشتکار شدید پریشانی کا شکار ہیں، انہیں اپنی محنت کا مناسب معاوضہ مل رہا ہے اور نہ ہی حکومتی سطح پر کوئی مؤثر ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
کسان مہنگی کھاد، بجلی، ڈیزل اور زرعی اخراجات کے باعث پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن کا آغاز یقینی بنائے اور گنے کی فی من قیمت 700 روپے مقرر کرے، تاکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے۔ اس کے ساتھ شوگر ملوں کو پابند کیا جائے کہ گنے کی خریداری کے بعد کاشتکاروں کو پندرہ دن کے اندر ادائیگیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو زراعت ترقی کرے گی اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ حکومت کو چاہیے کہ زبانی دعووں کے بجائے عملی اقدامات کرے اور عوام و کسانوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔







