پٹرولیم مصنوعات

پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلے 5 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 5 فیصد اضافہ ہوا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ (جولائی تا نومبر)کے دوران سالانہ بنیاد پر 5 فیصد نمو ریکارڈکی گئی۔ او سی اے سی اور انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ملک میں 6.75 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال اسی مدت میں ملک میں 6.45 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔

نومبر میں ملک میں 1.58 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ہوئی جو اکتوبر کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے، اکتوبر میں ملک میں 1.49 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 15 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال نومبر میں ملک میں 1.37 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔

جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 3.12 ملین ٹن، اٹک پٹرولیم 0.58 ملین ٹن، شیل 0.48 ملین ٹن اور حیسکول کے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 0.20 ملین ٹن ریکارڈکیاگیا۔ پہلے 5 ماہ میں ملک میں پٹرول 3.18 ملین ٹن، ہائی سپیڈ ڈیزل 0.65 ملین ٹن اور 0.31 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔