سبزیوں پھلوں 79

پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے سبزیاں اور پھل بھی مہنگے ہو گئے

کراچی/لاہور(رپورٹنگ آن لائن)حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کیے جانے سے ملک میں سبزیاں اور پھل بھی مہنگے ہو گئے ہیں۔اوپن مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے اثرات اشیائے خورد و نوش پر بھی مرتب ہونے لگے ہیں، ملک کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور میں مہنگائی کا گراف بلند ہونے لگا ہے۔لاہور میں ٹماٹر 70 سے 75، پیاز 55 سے 60، ادرک 310 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے،

جب کہ آٹا، چینی اور چاول کی قیمتیں فی الوقت مستحکم ہیں، چینی 160، دس کلو آٹا 910 ، چاول 250 سے 400 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، تاہم مارکیٹ ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں آٹا، چینی، چاول کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔رمضان نگہبان بازاروں میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود قیمتیں مستحکم ہیں، جہاں پیاز 50، ٹماٹر 63، ادرک 282 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔کراچی میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، آلو 30 روپے کلو، پیاز 40 روپے کلو، پالک کی 20 سے 30 روپے کی گڈی فروخت ہو رہی ہے،

مٹر 120 روپے کلو، ہری مرچ 150 روپے کلو، ادرک لہسن 400 کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔پھلوں میں خربوزہ اور گولاچی 150 روپے کلو، کیلے 350 روپے درجن ہو گئے ہیں، کینو 400 روپے درجن اور اسٹرابیری کی 800 روپے کلو تک فروخت جاری ہے، پھل اور سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز نے کرایے بڑھا دیے ہیں، اس لیے انھیں بھی قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں