فردوس عاشق اعوان 235

پولیو زدہ اپوزیشن ملکی ترقی کو اپاہج کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو زدہ اپوزیشن ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو اپاہج کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ راہزنوں کا ٹولہ ہے، اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد کورونا کا پروموٹر بن چکا، جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی لیکن کورونا ضرور گھر گھر آ رہا ہے۔

وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عقل سے ناپید اپوزیشن کے جعلی لیڈروں کو صورتحال کا ادراک نہیں، ایک شہزادہ کورونا کا شکار ہو کر اپنے محل میں بیٹھا ہے لیکن پھر بھی جلسوں پر بضد ہے، جاتی امرا کی مہارانی کو عوام سے نہیں اقتدار سے غرض ہے، پشاور جلسے کے بعد کورونا کیس بڑھ گئے لیکن انہیں احساس ہی نہیں، ملتان میں ایک بار پھر تماشہ لگایا جا رہا ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ بزدار حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، وزیراعلی عثمان بزدار صوبےکے عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں