وزیر داخلہ

پولیس کی حفاظت اور سرکاری پروٹوکول میں پی ٹی آئی کارکنان کے سڑکیں بند کرنے سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سڑکیں بندکرنے کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس کی حفاظت اور سرکاری پروٹوکول میں پی ٹی آئی کارکنان کے سڑکیں بند کرنے سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ عوام کے کاروبار،خوشی غمی میں شرکت اورتعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں،مریض ہسپتالوں میں پہنچے سے قاصر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ صورتحال نہ صرف ناقابل برداشت ہے بلکہ لاکھوں عوام کے لئے تکلیف دہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکنان کرسیاں ڈال کر پولیس کی ایما پر گزشتہ چار روزسے عوام کو پریشان کررہے ہیں،حالیہ پریشان کن صورتحال سے عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم کسی قسم کا سیاسی تصادم نہیں چاہتے اور ناں ہی اسکی اجازت دے سکتے ہیں۔لیکن اندیشہ ہے عوام اب عمران خان کے فسادی اور فتنہ انگیز پیروکاروں کا خود محاسبہ شروع کر دینگے۔انہوںنے کہا کہ میری مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے اپیل بھی ہے کہ وہ عوام کو ان مشکلات سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔