پنجاب 13

پنجاب میں چار ہفتوں کے دوران 1695 افراد خسرے میں مبتلا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) صوبہ پنجاب میں سال 2026ء کے ابتدائی چار ہفتوں کے دوران خسرے کے 1695 مشتبہ مریض سامنے آگئے۔محکمہ صحت پنجاب کے ڈی جی ہیلتھ سروسز کی جانب سے رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

خسرے سے اموات کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے سلسلے میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق رواں برس کے پہلے چار ہفتوں میں خسرے کے لیبارٹری ٹیسٹ سے کنفرم مریضوں کی تعداد 330ہو چکی ہے جبکہ صوبے بھر میں خسرے کے 40آئوٹ بریک الرٹس جاری کیے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2024ء میں پنجاب میں خسرے کے 23ہزار 680مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 6ہزار 747لیبارٹری سے کنفرم ہوئے، اسی سال خسرے سے 16 اموات رپورٹ ہوئیں۔اسی طرح سال 2025ء میں خسرے کے 19ہزار 913مشتبہ کیسز سامنے آئے جبکہ 4ہزار کیسز لیب سے کنفرم ہوئے، 2025ء کے دوران خسرے سے 4 اموات رپورٹ کی گئیں۔

ڈی جی ہیلتھ سروسز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال خسرے کی صورتحال کے پیش نظر نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے، چیف سیکرٹری اور وزیر صحت کی سربراہی میں متعدد اجلاس منعقد ہوئے ہیں جبکہ متعلقہ اضلاع میں سرویلنس تیز کرنے اور ڈسٹرکٹ و ہسپتال سطح پر مانیٹرنگ کا نظام موثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال خسرہ کی ویکسینیشن مہم 17سے 29 نومبر 2025ء تک جاری رہی، مہم کے دوران 6ماہ سے 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو مفت ویکسین لگائی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں