لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب کی 65ہزار مساجد کے امام کیلئے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انہوں نے ای بزنس پراجیکٹ کے اجرا پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہاکہ جائز کام کیلئے سفارش، رشوت اور خواری حکومت کی ناکامی کے مترادف ہے ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن وامان پر مسلسل پانچواں اجلاس گزشتہ روز ہوا۔
مریم نواز کاکہناتھاکہ امام مسجد معاشرے کا قابل احترام اورتکریم فرد ہے ، محلے میں چندہ اکٹھا کرکے امام مسجد کو ادائیگی غیر مناسب امر ہے ،حکومت پنجاب ضروریات کے لئے امام مسجد کی معاشی معاونت کرے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مساجد کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹس سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں،اجتماع کے لئے رائے ونڈ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کر لی گئی ہے اورتبلیغی اجتماع کے لئے خصوصی بسیں بھی چلائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ز کو آئمہ کرام کے پاس خود جانے کی ہدایت کی، اس موقع پر پنجاب میں سائبر کرائم سیل تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پی آئی ٹی بی کے تحت ای بز نس پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،انہوں نے ای بزنس کیلئے دو ہفتے کی ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کر دی اورتمام محکموں کے این او سی وغیرہ ایک ہی چھت تلے بروقت مہیا کرنے کا حکم دیا ہے .
انہوں نے ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت تمام اداروں کو مقررہ وقت کے اندرکیس پراسیسزکرنے کا حکم بھی دیا اورای بزنس کیلئے پی آئی ٹی بی میں سپیشل سیل قائم کرنے کی ہدایت کی ۔مریم نوا ز نے ڈیجیٹل سسٹم سے نابلد کاروباری افراد کی معاونت کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیل قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ای بزنس کی درخواستوں پر فوری فیصلے کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور محکموں کو اضافی نمبر ملیں گے ۔ہر 15دن کے بعد وزیراعلیٰ خود ای بزنس کے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ سرخ فیتے کا خاتمہ میرا عزم ہے ، کسی کو اس کا حق مل جائے تو اس سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں،پاکستان بے پناہ مواقع کی سرزمین ہے ، کاروبار کے پھیلاؤ کیلئے سسٹم کی کمزوریاں دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک،حکومت اور سسٹم پر عوام کا اعتماد بحال ہونا چاہیے ، ہر شہری کے دل میں ریاست ماں کے جیسی ہونے کا احساس ضروری ہے ، عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ای بزنس گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے ۔
عوام کیلئے سہولت اور آسانی کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں،جائز کام کیلئے سفارش، رشوت اور خواری حکومت کی ناکامی کے مترادف ہے ۔ لوگوں کے کام کرپشن کی نظر ہونا بدقسمتی ہے ،کسی کا جینوئن کام ہونابھی معجزہ لگتا ہے ،یہ تصور ختم کرنا ہوگا،ای بزنس میں شکایت ناقابل برداشت ہوگی۔ اجلاس میں لندن سے کاروبار کیلئے آنے والے شہری کاشان نے 24گھنٹے کے اندر این او سی کے حصول پر خوشگوار حیرت کا اظہارکیا اورمریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔