محمد جاوید قصوری 45

پنجاب حکومت کا وی آئی پیز کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ،عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پنجاب حکومت کی جانب سے وی آئی پیز کے لیے 52 کروڑ روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خریدنے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام درحقیقت مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، ایک طرف حکومت مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا رہی ہے جبکہ دوسری جانب سرکاری وسائل کو عیاشیوں پر خرچ کیا جا رہا ہے، جوکہ موجودہ حکمرانوں کا شرمناک اقدام ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے، اشیائے خوردونوش، بجلی، گیس اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے زندگی گزارنا مشکل بنا دیا ہے۔ عیدالفطر جیسے خوشیوں کے موقع پر بھی عوام پریشانی اور معاشی تنگی کا شکار ہیں، لیکن حکمران طبقہ اپنی مراعات اور پروٹوکول میں کمی لانے کو تیار نہیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت ایک طرف عوام کو کفایت شعاری کا درس دیتی ہے جبکہ خود سرکاری خزانے سے مہنگی گاڑیاں خرید کر شاہانہ طرز زندگی اپنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس عمل کو دوہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملک واقعی معاشی بحران کا شکار ہے تو سب سے پہلے حکمرانوں کو اپنی مراعات کم کرنی چاہئیں اور سادگی اختیار کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت سنگین چیلنجز سے دوچار ہے، داخلی و خارجی مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، لیکن حکمرانوں کی ترجیحات عوامی فلاح کی بجائے ذاتی آسائشوں تک محدود ہو چکی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے حکمران عوامی مسائل سے لاتعلق ہو چکے ہیں اور ان کی پالیسیاں صرف عوام پر بوجھ ڈالنے کا سبب بن رہی ہیں۔آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کرے، ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ کم کرے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں