انسداد ٹائیفائیڈ مہم

پنجاب حکومت نے پہلی بار انسداد ٹائیفائیڈ مہم چلا کر کروڑوں بچوں کا مستقبل محفوظ کر لیا:پرنسپل پی جی ایم آئی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ دور میں پنجاب حکومت نے بھرپور انسداد ٹائیفائیڈ مہم چلا کر کروڑوں بچوں کا مستقبل محفوظ کر لیا ہے جس کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ٹائیفائیڈ کی روک تھام کے لئے چلائی جانے والی مہم میں نرسنگ کالج جنرل ہسپتال کی طالبات سمیت 100تربیت یافتہ پیرا میڈیکس نے نشتر ٹاؤ ن میں گھر گھر جا کر بچوں کو انجیکشن لگانے کی مہم میں بھرپور حصہ لیا جبکہ ایل جی ایچ میں قائم کاؤنٹر پر 1450بچوں کو ویکسین لگانے کے علاوہ پولیو کے قطرے بھی پلائے گئے۔اس موقع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ دور اندیش قیادت کی بدولت پنجاب کے صوبے میں بیماریوں کی روک تھام کے لئے پہلی مرتبہ سنجیدہ عملی کوششیں اور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے نئی نسل کی صحت کو یقینی بنا کر ایک صحت مند معاشرہ پروان چڑھانے میں مدد ملے گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ دنیا بھر کی طرح بیماریوں کی روک تھام اور صحت عامہ کو بہتر بنانے پر توجہ زیادہ مرکوز کی جائے اور عوامی سطح پر پرہیز علاج سے بہتر ہے کے سلوگن کو اجاگر کیا جائے تاکہ لوگ خود بھی حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کر کے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ اس موقع پر پروفیسرالفرید ظفرنے اعلان کیا کہ ٹائیفائیڈ مہم میں حصہ لینے والے طالبات و تربیت یافتہ پیرا میڈیکس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔

صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی صحت پر اٹھنے والے اخراجات کے متحمل نہیں ہیں اور ان ملکوں پر خرچ ہونے والے اخراجات تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں جس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بیماریوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ علاج پر اٹھنے والے اخراجات کو کم کیا جا سکے،۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جس کے وسائل محدود ہیں اور ہم اپنے وسائل کو بہترطریقے سے اسی وقت استعمال کر سکیں جب بیماریوں کی روک تھام کے لئے موثر کوششیں ہوں گی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی اور طبی تنظیموں کو بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالنا ہوگا۔