لارج سکیل

پنتالیس ہزار سے کم تنخواہ والوں کی اسکالر شپ کا خرچ حکومت اٹھائے گی، فرخ حبیب

فیصل آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 45ہزار سے کم تنخواہ والوں کی اسکالر شپ کا خرچ حکومت اٹھائے گی،ملک بھر میں 26لاکھ طلبا کو اسکالر شپس دیں گے، وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ پیسے کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔

ہفتہ کو کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسکالر شپ پورٹل کا افتتاح کر دیا ہے اور اب ملک بھر میں 26لاکھ طلبا کو اسکالرشپس دیں گے، اسکالر شپس میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی جبکہ 2 لاکھ اسکالر شپس اعلی تعلیم کے لیے دی جائیں گی۔ 45ہزار سے کم تنخواہ والوں کی اسکالر شپ کا خرچ حکومت اٹھائے گی،انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکنیکل یونیورسٹیز بھی بنا رہی ہے اور نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم بھی دیں گے۔

ٹیکنیکل تعلیم کے حوالے سے ہم ایک لاکھ اسکالر شپس دے رہے ہیں،وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں مزید اصلاحات لا رہے ہیں۔ کانووکیشن میں طلبا کو محنت کا ثمر ملتا ہے اور اس کے بعد طلبا کی عملی زندگی کا آغاز ہوتا ہے، طلبا کو نوکری لینے کی بجائے دینے والا بننا چاہیے۔