پشاور(رپورٹنگ آن لائن)پشاور ہائیکورٹ نے تجاوزات آپریشن کے خلاف فیصل قریشی اور نعمان کی درخواستوں پر متعلقہ انتظامیہ کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی سے روک دیا۔جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی نے درخواستوں پر سماعت کی، جس میں درخواست گزاروں کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سرکلر روڈ پر واقع ان کے موکل کی دکان مسمار کردی گئی جبکہ کارروائی سے پہلے کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔جسٹس سید ارشد علی نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے پہلے متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے یا نہیں؟
عدالت نے ریمارکس دیے کہ بغیر نوٹس کسی کے خلاف کارروائی کیسے کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے اس حوالے سے رپورٹ مرتب کرنے اور آئندہ سماعت پر متعلقہ افسران کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کردی۔عدالت نے کہا کہ ان تمام کیسز کو ایک ساتھ سنا جائے گا ۔ عدالت نے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے اس دوران انتظامیہ کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا حکم بھی دیا۔









