ڈاکٹر فاروق ستار 11

پشاور اسکول حادثہ، فاروق ستار کا اظہارِ افسوس

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے سانحے میں بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے نے پوری قوم کو غم زدہ کردیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم بچوں کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے والدین کو صبر جمیل دے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ زخمی بچوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی جانیں بچائی جاسکیں۔انہوں نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عمارت کی خستہ حالی کے باوجود حفاظتی اقدامات نہ کیے جانے کی وجوہات سامنے لائی جائیں اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے پشاور سمیت ملک بھر کے پرانے اور خستہ حال اسکولوں کی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ کرانے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں