پشاور(رپورٹنگ آن لائن)صوبائی دارالحکومت پشاور میں آٹا مہنگا ہونے لگا،20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہوگیا۔آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایاکہ مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 28 سو سے بڑھ کر 2900 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
اس طرح مارکیٹ میں فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 2900 سے بڑھ کر 3 ہزار روپے میں فروخت ہونے لگا۔رمضان کی آمد کے باعث آٹے کی ڈیمانڈ زیادہ ہے اور سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے۔دوسری جانب ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس نے پاکستان کے معاشی اشاروں کی پیشگوئی کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال2026میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 5.1 فیصد رہنے کا امکان ہے ،2027میں مہنگائی معمولی اضافے کے ساتھ 5.6 فیصد تک جاسکتی ہے۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 0.5 فیصد سے بڑھ کر 1.3 فیصد تک جاسکتا ہے ،مالی سال 2026میں پاکستان کی حقیقی جی ڈی پی نمو 3.5 فیصد رہے گی۔مشیر وزارت خزانہ خرم شہزاد نے بتایاکہ ایس اینڈ پی اور اسٹیٹ بینک کی پیشگوئیوں میں مجموعی طور پر ہم آہنگی ہے،اسٹیٹ بینک نے2 سالوں کیلئے مہنگائی 5 سے 7 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے ، اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 0 سے 1 فیصد کی توقع کی جبکہ معاشی شرح نمو 3.75 سے 4.75 فیصد کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔









