ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

پسماندہ علاقوں کی ترقی بزدار حکومت کا عزم ہے، ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی بزدار حکومت کا عزم ہے، وزیراعلی نے راجن پور کی تعمیر و ترقی کیلئے 15ارب روپے کے تاریخی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پانے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجن پور میں یونیورسٹی کا قیام، گرلز ڈگری کالج روجھان، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ٹراما سنٹر کا اعلان کیا گیا ہے۔ فاضل پور اور کوٹ مٹھن میں ریسکیو 1122 سنٹر، داجل اور فاضل پور کے رورل ہیلتھ سنٹرز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ 300 ملین روپے لاگت سے 34 ویٹرنری کلینکس، سیوریج، ڈرینج سسٹم کیلئے 400 ملین، تحصیل کمپلیکس روجھان کیلئے 80 ملین مختص کیے گئے ہیں، 16ملین لاگت کے جنرل بس سٹینڈ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جبکہ 88 ملین کی لاگت کے لائیوسٹاک سروسز ٹریننگ سنٹر فاضل پور، رکھ عظمت والا جام پور کے لئے کنٹینر کلینک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال، جام پور سے کشمور 2 رویہ سڑک، دیگر سڑکوں کی تعمیر و مرمت، مورنج ڈیم کی تعمیر اور دیگر کئی اہم منصوبے راجن پور کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہونگے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجن پور کو سابقہ حکومتوں نے جان بوجھ کر ترقی کے حق سے محروم رکھا مگروزیراعلی عثمان بزدار دور دراز علاقوں میں جاکر عوام کے مسائل جاننے اور انکے حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔