عماد شکیل بٹ 33

پرو لیگ میں بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا، کپتان عماد بٹ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کا کہنا ہے کہ پرو لیگ میں بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد شکیل بٹ نے کہا کہ پرو لیگ کے آخری آٹھ میچز میں جو ہماری غلطیاں تھیں، ان کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے، پرو لیگ کے تیسرے فیز کے لیے بیلجیئم جانا ہے جس کے بعد پھر ہم چوتھے فیز کے لیے انگلینڈ جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پرو لیگ کے تیسرے اور چوتھے فیز کےلئے تیاریاں شروع کردیں ہیں اور لیگ کھیلنے والے تمام پلیئرز نے کیمپ کو جوائن کرلیا ہے اور بیلجیئم کے تیسرے فیز میں ٹیم پہلے سے زیادہ بہتر کام کرے گی۔عماد شکیل بٹ نے کہا کہ رانا وحید اور ابوبکر محمود پاکستان پہنچ کر پیر سے کیمپ جوائن کرلیں گے۔

قومی ہاکی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اٹیک، شارٹ کارنر اور فٹنس کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، منظور الحسن سینئر کی کوچنگ میں بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف بہت اچھا میچ ہوتا ہے اور بھارت بہت ہی مضبوط حریف ہے، میری ٹیم بھارت کو شکست دینے کی پوری کوشش کرے گی، بھارت کی طرح پاکستان کی بھی اچھی ٹیم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں