پرنسپل پی جی ایم آئی

پرنسپل پی جی ایم آئی کا سابق وزیر صحت پروفیسر سید علی رضا گردیزی کے انتقال پر اظہار افسوس

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے سابق وزیر صحت اور سابق پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضا گردیزی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی وفات سے میڈیکل کا شعبہ ایک انتہائی قابل اور تجربہ کاراستاد سے محروم ہو گیا ہے جن کی میڈیکل پروفیشن کے لئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

اپنے تعزیتی پیغام میں سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضا گردیزی مرحوم نے اپنے دور میں میڈیکل کے شعبے میں ایسے ہزاروں طالب علم تیار کیے جو آج بھی اندرون و بیرون ملک مختلف میڈیکل کالجز اور طب کے اداروں میں اعلیٰ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر علی رضا گردیزی طب کی دنیا میں انتہائی جانا پہچانا نام تھا جہاں مرحوم کی خدمات کو میڈیکل کمیونٹی انتہائی ادب کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضا گردیزی کی وفات سے میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہر فرد سوگوار ہے اور اُن کے نقش قدم پر چلنے کو اپنا اعزاز سمجھتا ہے۔ پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ ہم سب بلا شبہ پروفیسر علی رضا گردیزی مرحوم کی طب کے شعبے کیلئے شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور بالخصوص میڈیکل سٹوڈنٹس کے لئے اُن کی محنت اور کاوش سے بھرپور زندگی تقلید کے قابل ہے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پروفیسر ڈاکٹر سید علی رضا گردیزی کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان اور اُن کے سٹوڈنٹس کو یہ نا قابل تلافی نقصان ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے آمین۔