اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) ایک بڑی کامیابی کے طور پر چینی اور پاکستانی معززین چین کو پاکستانی پیاز کی برآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط آئندہ ہفتے کریں گے ۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ذرائع نے گوادر پرو کو بتایا کہ دستخط کی تقریب 23 نومبر کو ہو گی ،یہ ایم او یو پاکستان سے پیاز کے چین میں محفوظ داخلے کو یقینی بنائے گا، یہ پاکستان اور چین کے درمیان پاکستان سے زرعی اشیا کی برآمدات پر تعاون بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستان میں زرعی شعبہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں سرمایہ کاری اور شراکت کے امکانات موجود ہیں۔
رواں سال اکتوبر کے شروع میں چین اور پاکستان نے چین کو پیاز کی برآمد کو بڑھانے اور انقلابی چینی جنکاو ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ ہم پاکستان کی چین کو چیری، پیاز، آلو اور دیگر زرعی مصنوعات کی برآمدات میں سہولت فراہم کریں گے، منہ کھر کی بیمار ی سے پاک زونز کی تعمیر کو فعال طور پر فروغ دیں گے اور پاکستان کی گائے کے گوشت اور مٹن پروڈکٹ کو چینی مارکیٹ میں لانے میں مدد کریں گے۔
یاد رہے 8 ستمبر کو نونگ نے اسلام آباد میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام سے ملاقات کی۔ دونوں نے زراعت کے شعبے میں تجارت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ سید فخر امام نے کہا کہ پاکستان میں سبزیوں اور پھلوں جیسے آم، ترشاوا پھل، ایپل چیری وغیرہ کی برآمدات کی بہت بڑی صلاحیت ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع امکانات ہیں اور اس میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ جون میں منعقد ہو نے والے چائنا پاکستان ایگریکلچرل پروڈکٹ پروسیسنگ کو آپریشن اینڈ ایکسچینج فورم سے خطاب کرتے ہوئے نونگ رونگ نے کہاتھا کہ جیسےچین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) زرعی اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو ر ہا ہے، چین مزید پاکستانی زرعی مصنوعات کو چین میں متعارف کرائے ۔









