پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسو سی ایشن

پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسو سی ایشن کے عہدیداروں کی رانا پرویز کی قیادت میں نئے ایم ایس پنز سے ملاقات

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسو سی ایشن کے صوبائی صدر رانا پرویز اور عہدیداروں نے ڈاکٹر خالد بن اسلم کی بطور میڈیکل سپرٹینڈنٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی تعیناتی پر خیر مقدم کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔

ڈاکٹر خالد بن اسلم نے پیرا میڈکس کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال میں پیرا میڈکس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ہسپتال کے نظم و نسق میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے مریضوں و ملازمین کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں،ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ایم ایس نے ایسو سی ایشن کے عہدیداروں سے کہا کہ علاج کی غرض سے آنے والے بیمار و تیماردار کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آکر انسٹی ٹیوٹ کا نام مزید روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت مریضوں اور سٹاف کی فلاح وبہبود کیلئے تمام تر توانائیاں بروکار لائی جائیں گی۔ ایسو سی ایشن کے صوبائی صدر رانا پرویز نے ایم ایس کو یقین دلا یا کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال اور ڈسپلن میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ اس موقع پر وارث آفتاب،ملک محمد حنیف، سجاد حسین، امانت علی خان، عرفان گڈو،شہزاد روشن و دیگر بھی موجود تھے۔