عرفان صدیقی

پاکستان کے ہر شہری اور پاک سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی آئینی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے،عرفان صدیقی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ پاکستان کے ہر شہری اور پاک سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی آئینی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے،وقت آگیا ہے کہ دہشت گردوں ہی نہیں، انْکی پناہ گاہوں کو بھی نیست و نابود کر دیا جائے،اس عظیم مشن میں پوری قوم کو فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہو جانا چاہیے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان کے ہر شہری اور پاک سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی آئینی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان گذشتہ پینتالیس سال سے افغانستان کی صورت حال کی بہت بھاری قیمت ادا کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم کب تک برداشت کرتے رہیں کہ دہشت گرد پاکستان آ کر ہماری لاشیں گرائیں، ہمارا خون بہائیں اور آرام سے افغانستان میں اپنی پناہ گاہوں میں جا بیٹھیں۔

سینیٹر عرفان نے کہاکہ وقت آگیا ہے دہشت گردوں ہی نہیں، انْکی پناہ گاہوں کو بھی نیست و نابود کر دیا جائے،اس عظیم مشن میں پوری قوم کو فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہو جانا چاہیے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ اس نازک گھڑی میں بھی دہشت گردوں سے ہمدردی کا دم بھرنے اور سرکاری وسائل سے آن کی سہولت کاری کرنے والوں کو بتانا چائیے کہ پاکستان نے اْن کا کیا بگاڑا ہے؟ ۔