شازیہ 46

پاکستان کے نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت اور ایک ترقی پسند مستقبل کی امید ہیں، شازیہ مری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاہے کہ پاکستان کے نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت اور ایک ترقی پسند مستقبل کی امید ہیں، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا روشن مستقبل نوجوانوں کے بااختیار ہونے میں ہے، پیپلز پارٹی کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو حکمرانی اور ترقی کا شراکت دار بنایا جائے، تماشائی نہیں۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی تاریخ کے کم عمر ترین وزیرِ خارجہ رہے، ہمیں فخر ہے کہ چیرمین بلاول بھٹو نے وزیرِ خارجہ کے طور پر اپنی شاندار سفارتکاری سے پاکستان کا وقار بلند کیا۔شازیہ مری نے کہاکہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں کہ پاکستانی نوجوان موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل حقوق کیلئے قیادت کریں، پیپلز پارٹی تعلیم، مہارتوں اور ٹیکنالوجی کو نئی نسل کے بااختیار ہونے کے اہم ذرائع سمجھتی ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ سندھ جاب پورٹل کا منصوبہ نئے گریجویٹس کی مدد کرے گا اور انہیں پیشہ ورانہ سفر شروع کرنے کے قابل بنائے گا.

ہمارے نوجوانوں کو سیاست اور پالیسی میں جگہ ملنی چاہیئے، بلاول بھٹو اسی نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو وقتی مفاد کے لیئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے نوجوان کل کے نہیں، آج کے قائد ہیں، ہمارے نوجوانوں کی صلاحیت کو پروان چڑھانا ہے، اسے استعمال نہیں کرنا۔شازیہ مری نے کہاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو مایوسی نہیں، اعتماد اور موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ پاکستان کا روشن مستقبل بن سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں