ہمایوں اختر خان

پاکستان کے تمام اداروں کا بیحد احترام کرتے ہیں ،عمران خان ،ساری پی ٹی آئی کی یہی سوچ ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اورانتخابات کی تیاریوں کیلئے قائم الیکشن سیل کے کوارڈی نیٹر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے تمام اداروں چاہے وہ عدلیہ ہو یا سکیورٹی ادارے ہم ان کا بے حد احترام کرتے ہیں اور عمران خان اور ساری پی ٹی آئی کی یہی سوچ ہے ، اگر اس حکومت کو ملک اور قوم کا درد ہے تو فوری طور پر ملک میں عام انتخابات کا اعلان کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائیکورٹ میں دائر کیس کی پیروی کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اگر یہ حکومت بیٹھی رہے گی تو معیشت تو دن بدن ڈوبتی رہے گی ،ملک کی ضرورت یہ ہے کہ فریش مینڈیٹ والی حکومت آ ئے اور معیشت ، تحریب کاری اور اداروں میں جو بریک ڈائون ان تمام بحرانوں کو ختم کیا جائے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام اداروں چاہے وہ عدلیہ ہو سکیورٹی ادارے ہوں ان کا بے انتہا احترام کرتے ہیںاور عمران خان اور پی ٹی آئی کی یہی سوچ ہے ۔

انہوں نے الیکشن نہ کرانے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر الیکشن ابھی نہیں ہوں گے تو پھر تو کوئی بھی حکومت کسی نہ کسی بہانے سے الیکشن کبھی نہیں کرائے گی ، ہمیں قوی امید ہے کہ ان شا اللہ اس سال الیکشن ہوں گے اور عوام اپنے ووٹ سے نمائندے منتخب کریں گے۔