محمد برجیس 18

پاکستان کیخلاف بھارت اور افغانستان کا مبینہ گٹھ جوڑ تباہی ،عدم استحکام کے سوا کچھ نہیں’چوہدری برجیس طاہر

سانگلہ ہل(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور افغانستان کا مبینہ گٹھ جوڑ تباہی اور عدم استحکام کے سوا کچھ نہیں،خطے میں بدامنی کو ہوا دینا اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور ایٹمی طاقت ہے جو اپنی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ ہمارا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔ پاکستان دشمن عناصر کو یہ پیغام واضح طور پر سمجھ لینا چاہیے کہ پوری قوم اپنی افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت اپنی ہٹ دھرمی، اشتعال انگیز پالیسیوں اور خطے میں مداخلت سے باز نہ آیا تو جنوبی ایشیا کے حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں، جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔

چوہدری برجیس طاہر نے امام بارگاہ میں ہونے والے حالیہ خودکش دہشت گرد حملے کی شدید اور بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف گھنانا جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے۔ یہ صرف معصوم نمازیوں کی جانوں پر حملہ نہیں بلکہ پاکستان کے امن، مذہبی ہم آہنگی، بین المسالک اتحاد اور قومی وحدت پر براہ راست وار ہے۔ ایسے عناصر درحقیقت ملک کو فرقہ واریت اور انتشار کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں مگر قوم ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہدائے وطن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے جوانوں نے اپنے خون سے امن کی شمع روشن کی ہے۔ حکومت دہشت گردی میں ملوث عناصر، سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی کرے گی تاکہ آئندہ کسی کو اس دھرتی پر خون بہانے کی جرات نہ ہو۔سابق وفاقی وزیر نے عالمی تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو بھی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم و بربریت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالی عالمی برادری کے ضمیر کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔ نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد اور فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات کریں تاکہ مظلوم اقوام کو انصاف مل سکے اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اور موثر اقدام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ قوم متحد ہے، پرعزم ہے اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں