بیرسٹر دانیال چوہدری 17

پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں ملک میں دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث عناصر کو نشانہ بنایا گیا،یہ عناصر مساجد، مدارس، بچوں، شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران تقریباً 70 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ پورے آپریشن میں کسی بچے یا سویلین کو نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی انتہائی مہارت اور مصدقہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی اور صرف ان دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا جو پاکستان پر حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ اس امر سے آگاہ ہے کہ افغانستان دہشت گرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 21 ممالک کے دہشت گرد گروپ افغانستان میں موجود ہیں جو مختلف ممالک میں کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ان گروہوں کی سرپرستی کرتے ہوئے انہیں تربیت اور مالی معاونت فراہم کر رہا ہے جس کے نتیجے میں وہ اسلحہ خرید کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ یہ گروہ افغان طالبان کے بھی دشمن ہیں اور جب تک ان کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جاتا دہشت گردی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خارجی اسلام کا نام استعمال کرتے ہیں مگر درحقیقت ان کا مقصد خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اپنے قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ خطے سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی، تاہم افغان سرزمین سے پراکسی دہشت گردوں کی کارروائیاں جاری رہیں۔ حکومت اور مسلح افواج نے طویل عرصے تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں