کوٹنگ انڈسٹری 127

پاکستان کوٹنگ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں’میاں نعمان کبیر

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن نے اپنے مسائل کے حل کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مدد طلب کی ہے۔ پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق سے ملاقات کی اور انہیں اس اہم سیکٹر کو درپیش مسائل سے تفصیلا آگاہ کیا۔ وفد کی سربراہی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین معظم رشید کررہے تھے جبکہ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین علی افضل، میاں عتیق، خالد محمود، سلیم اصغربھٹی، اور فیاض حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کے اراکین نے لاہور چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا کہ اس وقت اس صنعت کی برآمدات 100 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ ہیں،

اگر پاکستان کوٹنگ انڈسٹری کو پاکستان کی ایکسپورٹ اوریئنٹڈ انڈسٹری کا حصہ بنایا جائے اور مراعات دی جائیں تو اس شعبہ کی برآمدات کو ایک ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوٹنگ انڈسٹری کو اینٹی نارکوٹکس فورس اور نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کی جانب سے سالوینٹس کی درآمد میں رکاوٹوں کا سامنا ہے جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوٹنگ انڈسٹری کے ایکسپورٹ ریفنڈز کی مالیت ڈیڑھ ارب روپے کے لگ بھگ ہے، یہ ریفنڈز فورا ادا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان برآمدکرنے والوں کی ٹیلیگرافک طریقے سے رقم کی منتقلی میں مشکلات کا سامنا ہے، افغانستان کا کوئی بینک بھی برآمد کنندگان کو اس سلسلے میں ہسلوت فراہم کرنے سے قاصر ہے، متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے یہ مسئلہ حل کرایا جائے۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے تاکہ انہیں جلد حل کروایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جب کرونا نے تمام شعبہ جات کو بری طرح متاثر کیا ہے، انڈسٹری کو حکومت کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ حکومت کی توجہ پاکستان کوٹنگ انڈسٹری کو قومی خزانے کے لیے بھاری زرمبادلہ کمانے کے قابل بناسکتی ہے لہذا اس شعبہ کے مسائل جلد حل کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں