ہمایوں اختر خان 19

پاکستان نے بہترین سفارتکاری کے ذریعے صلاحیتوں کا لوہا منوایا’ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ( رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ ، ایران کے معاملے میں بہترین سفارتکاری کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے ،حلقے کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں اور ان شااللہ اس میں تعطل نہیں آئے گا،ہم بلا تفریق ہر طبقے کیلئے موثر آواز اٹھا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 97 کے دورہ کے موقع پر مختلف برادریوں کے عمائدین اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں بھی گئے جہاں انہوں نے ورثاء سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے، ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ عہدے اہمیت نہیں رکھتے بلکہ آپ کی نیت خالص ہونی چاہیے ۔ ہم نے حلقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹس کے قیام ، شاہراہوں کی تعمیر سمیت دیگر کئی منصوبوں پر عملی پیشرفت کرائی ہے ۔

ان شا اللہ آئندہ بھی حلقے کے لوگوں کی آواز کو موثر انداز میں ذمہ داران تک پہنچائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ، انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کئی منصوبے سوچ رکھے ہیں ، ہم پر عزم ہیں کہ انہیں شروع کر کے پایہ تکمیل تک بھی پہنچائیں گے۔ ہمایوں اختر خان نے عوام کو یقین دلایا کہ حلقے کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی،این اے 97 کو ترقی یافتہ اور مثالی حلقہ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں