لندن (رپورٹنگ آن لائن)دنیا بھر میں اپنی گائیکی سے پاکستان کا نام روشن کرنے والے سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسیقی کے حوالے سے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اس سے تو سامنے آنا ہی ہے، لیکن یہ بات ضروری ہے کہ پاکستان آئیڈل جیسے مزید پلیٹ فارمز اچھے گانے والے بچوں کے لیے مہیا ہوں اور حکومت پاکستان کو بھی اس طرف توجہ دینی چاہیے۔
برطانوی پارلیمنٹ میں اپنے بنگالی گانے کی لانچنگ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے، برٹش ایشین آرٹسٹ راجہ کاشف کی موسیقی میں راحت فتح علی خان نے یہ گانا برٹش بنگالی آرٹسٹ روبا عیات جہاں کے ساتھ مل کر گایا ہے۔ گانے کے بول تمی امر پریم پیاشا ہیں۔تقریب میں لارڈ طارق احمد، رتھ کیڈبری ایم پی، افضل خان ایم پی، آدم پٹیل ایم پی، افسانہ بیگم ایم پی، بیرونس الدین، بیرونس نوشین مبارک و دیگر نے بھی شرکت کی اور راحت فتح علی خان کے فن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر راحت فتح علی خان اور ان کے صاحبزادے شاہ زمان خان و دیگر افراد کو اپنے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈز و تحائف بھی پیش کیے گئے۔استاد راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ انہیں بنگلہ دیش جا کر پرفارم کرنا بہت اچھا لگا، وہاں ہمیشہ بہت پیار ملا ہے۔









