وزارت داخلہ 174

پاکستان میں صرف پی ٹی آئی اورپاک فوج قومی ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی کو آزاد کشمیر میں اپنی شکست دکھائی دے رہی ہے، مریم نواز کا لب و لہجہ انتہائی غیر ذ مہ دارانہ ہے، بلاول کی سی وی میرے پاس ہے، پاک فوج کے پیچھے پورا پاکستان کھڑا ہے، آزاد کشمیر الیکشن میں کسی ڈبے سے ووٹ زیادہ نہیں نکلنے، صرف بلے کے ووٹ زیادہ نکلیں گے ، ایک وقت آئے گا جب عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں لڑے گا ، ایران اور پاکستان ایک بدلے ہوئے خطے میں ہیں، آج بھارت کے پاس افغانستان سے بھاگنے سے سوا کوئی چارہ نہیں ، پاکستان میں صرف پی ٹی آئی اورپاک فوج قومی ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی وفاق، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں برسراقتدار ہے، اب جلد ہی آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، ملک میں صرف دو ہی چیزیں قومی ہیں، ایک تحریک انصاف قومی جماعت ہے اور دوسری پاک فوج قومی ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں اور قوم فوج کے ساتھ ہیں۔ قوم ملک کی سلامتی کے لیے فوج اور عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا، خطےمیں تجارت ممکن نہیں، اگر چین ایران میں 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات ہورہی ہے، یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغانستان میں امن نہ ہو، اس خطے کی سیاست بدلنے جارہی ہے، افغان جوبھی فیصلہ کریں گےہمیں قبول ہوگا، افغانستان میں نئے طالبان جنم لے چکے ہیں یہ وہ طالبان وہ نہیں جو بندوق سے فیصلہ کرتے تھے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے 1979 سے لے کر آج تک افغانستان میں دہشتگردی کو منظم کیا، بھارت کی افغانستان میں جگ ہنسائی ہوئی ہے، بھارت نے ہر جگہ پاکستان کےخلاف صرف پروپیگنڈا کیا،ہم افغانستان میں امن کے لیے دنیا کے ساتھ ہیں، پاکستان اب افغانستان کے خلاف کوئی اڈا نہیں دے گا، پاکستان پر کوئی دبا نہیں، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں نظر انداز نہیں کرسکتی، ہمارے بغیر کسی کی دال نہیں گل سکتی۔ اب افغانستان سے صرف 2 بارڈر چمن اور طور خم کھلے رہیں گے۔

کشمیر کی انتخابی مہم میں وزیر اعظم پر کی جانے والی تنقید کے سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم اور بلاول کی جماعتیں آزادکشمیر میں الیکشن ہارنے جارہی ہیں، جس کی وجہ سے وہ دھاندلی کا شورکر رہے ہیں، مریم اوربلاول بھٹو زرداری بےہودہ زبان کا استعمال کررہے ہیں، مریم نواز غیرذمہ دارانہ زبان استعمال کررہی ہیں، انہیں اپنے لب و لہجے پر غور کرنا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ دورہ امریکا پر شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سی وی میں کچھ بھی نہیں، پاکستان میں بلاول بھٹو زرداری کی سی وی میرے پاس ہے، ان کی وجہ سے سیاست میں رونق ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں